ناندیڑ:۱۰؍ستمبر (اعتمادنیوز)ناندیڑ ہنگولی ، ایوت محل ، ان اضلاع سے
کسانوں کے بیل چوری کرکے انہیں فروخت کرنے والی ٹولی کو ناندیڑ ایل سی بی
نے گرفتار کیا ہے ۔ پولس پریس نوٹ کے مطابق ناندیڑ کے ایس پی پرم جیت سنہہ
دھیا ،ایڈیشنل ایس پی تاناجی چکھلے نے بیل چوری کے مقدمات کا سراغ لگانے
کیلئے لوکل کرائم برانچ کی ٹیم کو ذمہ داری سونپی تھی ۔ ایل سی بی کے
انسپکٹر شری دھر پوار کی نگرانی میں ایل سی بی کی ٹیم نے انتہائی خفیہ
طریقہ سے بیل چوری کے واقعات کا سراغ لگایا ۔ ناندیڑ شہر کے گاڑی پورہ
علاقہ کا رہنے والا ہنومان پنڈت (۲۸سال ) اس کے چار پہیہ گاڑی میں چوری کے
بیل لائے جاتے تھے ۔ پولس کے مطابق شیخ فیاض شیخ ابراہیم ساکن عمران کالونی
، دیگلورناکہ ، شیخ ارشاد شیخ رؤف ساکن عمر کھیڑ ، وسیم خان رشید خان ساکن
عمر کھیڑ ، شیخ وسیم ساکن
عمرکھیڑ ، محمد شہباز محمد جاوید ، یہ مختلف
مقامات سے بیل چوری کرتے تھے اور یہ پھر چوری کے بیل ناندیڑ کے رہنے والے
محمد ساجد محمد ایوب کو لاکر دیتے تھے ۔ پولس نے بتایا کہ محمد ساجد چوری
کے بیلوں کو عقیل قریشی کو فروخت کرتاتھا ۔ عقیل قریشی کی ہوٹل ہے اور اس
کے گودام میں یہ بیل کاٹ کر اس کا گوشت ہوٹل کی تہاری و بریانی میں استعمال
کیا جاتا تھا اور ساتھ ہی چوری کے بیلوں کا گوشت بھی فروخت کیا جاتاتھا ۔
چونکہ چوری کے فوری بعد بیلوں کو ذبح کردیا جاتا تھا اس لئے بیلوں کا کوئی
ثبوت موجود ہی نہیں رہ رہاتھا ۔ پولس نے مذکورہ ٹولی کے افراد سمیت گاڑی
ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔ ایل سی بی کی اس کارروائی پر ایس پی دھیہ
نے ٹیم کو نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔ بتا یا جارہا ہے کہ اس ٹولی
نے ابھی تک کئی بیل چوری کرکے انہیں فروخت کردیاتھا ۔